حکومت نے 8 ماہ میں ملک کا برا حشر کر دیا: فرخ حبیب

Published On 26 December,2022 10:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اعظم سواتی کی ضمانت مسترد جبکہ وزیراعظم کے مفرور داماد کی ضمانت فوری منظور ہو جاتی ہے، سلیمان شہباز شریف کو چار سال بعد حفاظتی ضمانت مل جاتی ہے، جو جج فیصلہ محفوظ کرتا ہے اس کا تبادلہ ہو جاتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ہر وہ کام کر رہے ہیں جس سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے، عمران خان ہی لوگوں کی آخری امید ہیں، 75 فیصد لوگ ملک میں نئے انتخابات چاہتے ہیں، انتخابات میں تاخیر کرنے والے ملک کا نقصان کر رہے ہیں، خدارا ملک کا سوچیں اورانتخابات کو ہونے دیں۔

سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ 8 ماہ میں ملک کا برا حشر کر دیا گیا، ملک میں مہنگائی کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، آٹا 125 روپے کلو ہو چکا ہے، بیس لاکھ لوگ 8 ماہ میں بے روزگار ہو چکے ہیں یہ صرف پاپڑ، فالودے والے کے نام پر لوٹی دولت کو بچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ساری صورتحال میں حکومت گمشدہ نظر آتی ہے،مہنگائی کےحوالے سے وزیر اعظم ایک اجلاس نہیں بلا سکے، ہائبرڈ حکومت چل رہی ہے جن کو صرف اپنے مقدمات سے چھٹکارہ چاہیے، شہباز شریف کو نالائق اعظم کہتا ہوں، عمران خان کی حکومت میں عام آدمی کو ریلیف دیا گیا۔