سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یوٹیوب چینل بحال

Published On 18 March,2023 05:24 am

کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) آن لائن ویڈیو سٹریمنگ ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب کی جانب سے امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چینل بحال کردیا گیا۔

یوٹیوب نے 6 جنوری 2021 کو سابق صدر کے حامیوں کی جانب سے امریکی دارالخلافہ میں کیپیٹل ہل کی عمارت پر حملہ آور ہونے کے بعد ان کے چینل پر ویڈیوز پوسٹ کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

یوٹیوب انتظامیہ کی جانب سے اپنے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے بہت باریکی سے دنیا میں تشدد کے مستقل خطرے کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ ووٹروں کو الیکشن میں حصہ لینے والے قومی سطح کے تمام امیدواروں کو برابر کی بنیاد پر سننے کا موقع فراہم کیا جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے یوٹیویب چینل پر اب کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں، وہ ویڈیوز پوسٹ کر سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ کیپیٹل ہل پر حملہ کے بعد فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ معطل کر دیے تھے جس کے بعد انہوں نے ’ ٹرتھ سوشل ‘ کے نام سے اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم متعارف کروا دیا تھا تاہم بعد میں تینوں پلیٹ فارمز کی جانب سے اکاؤنٹ بحال کردیے گئے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے یوٹیوب سبسکرائبرز کی تعداد 26 لاکھ ، ٹوئٹر فالوورز 8 کروڑ 70 لاکھ، فیس بک پر 3 کروڑ 40 لاکھ جبکہ انسٹاگرام پر 2 کروڑ 30 لاکھ لوگ انہیں فالو کرتے ہیں۔

Advertisement