ایما زون کا مزید 9,000 ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ

Published On 23 March,2023 03:54 am

واشنگٹن : ( ویب ڈیسک ) امریکی ملٹی نیشنل آن لائن ٹیکنالوجی کمپنی ایما زون نے اخراجات میں کمی کرنے کے لئے مزید 9,000 ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ حالیہ فیصلے سے کون سے ممالک کے ملازمین متاثر ہوں گے تاہم اگلے چند ہفتوں میں مختلف عہدوں پر موجود ملازمین کو برطرف کر دیا جائے گا۔

کمپنی کے باس اینڈی جسی نے کہا کہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن طویل مدتی میں یہ کمپنی کے لیے بہترین ہوگا، اس غیر یقینی معیشت کو دیکھتے ہوئے جس میں ہم رہتے ہیں، اور مستقبل قریب میں موجود غیر یقینی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہم نے اپنے اخراجات میں مزید ہموار ہونے کا انتخاب کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کو کھونا کبھی بھی آسان نہیں ہے، وہ لوگ جو اس فیصلے سے متاثر ہوئے میں کمپنی میں ان کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ۔

خیال رہے کہ معروف ای کامرس فرم نے اس سے قبل جنوری میں 18,000 ملازمین کو فارغ کیا تھا۔

عالمی وبا کرونا وائرس کے دوران جب لوگ گھروں تک محدود تھے تو ایمازون کے کاروبار میں تیزی دیکھی گئی لیکن حال ہی میں اس کی فروخت میں کمی آئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے میٹا جو انسٹاگرام اور واٹس ایپ کا بھی مالک ہے نے 10,000 ملازمتوں میں کمی کے منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔

Advertisement