اسلام آباد: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں تیز ترین سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی کمپنی سٹار لنک نے ایس ای سی پی میں اپنی رجسٹریشن کروا لی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سے گلوبل ڈائریکٹر سپیس ایکس نے ملاقات کی، سید امین الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سٹار لنک کی سروسز سے ٹیلی کام آپریٹرز کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں کمی ہو گی، دور دراز علاقوں میں غیر فعال موبائل ٹاورز کو بھی کم خرچ پر فعال کیا جا سکے گا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے مزید کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد پاکستان کے ہر کونے تک سستے ٹیرف پر براڈ بینڈ سروسز پہنچانا ہے، سٹار لنک اس ضمن میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
گلوبل ڈائریکٹر سپیس ایکس ریان گڈنائٹ نے تعاون پر وفاقی وزیر آئی ٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، کمپنی کے بنیادی مراحل مکمل ہو گئے، اب تیزی سے کام شروع کرنے کیلئے تیار ہیں۔