روم: (ویب ڈیسک) اٹلی نےآرٹیفیشل انٹیلی جنس ایپلی کیشن چیٹ جی پی ٹی پر پابندی عائد کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی کمپنی ’’اوپن اے آئی‘‘ کی ایپلی کیشن پر پرائیوسی سے متعلق خدشات کے باعث پابندی لگائی گئی ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ چیٹ جی پی ٹی پر فوری طور پر پابندی لگا کر اوپن اے آئی کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا جائے گا۔
اٹلی کی ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ امریکی کمپنی اوپن اے آئی کو اٹلی کے واچ ڈاگ کے خدشات پر اپنا جواب جمع کروانے کیلئے 20 دن کی مہلت دی گئی ہے، دوسری صورت میں ان پر دو کروڑ سترہ لاکھ ڈالرز جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اٹلی کے واچ ڈاگ نے چند روز قبل خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹریننگ کے مقاصد کیلئے بڑے پیمانے پر لوگوں کا پرسنل ڈیٹا اسٹور کرنے کا کوئی قانونی جواز موجود نہیں ہے اور نہ ہی اسے کسی طرح جسٹیفائی کیا جا سکتا ہے۔