ٹیکساس: (ویب ڈیسک) برسوں کی تیاری کے بعد ایلون مسک کی کمپنی سپیس ایکس کی جانب سے تیار کیا گیا دنیا کا طاقتور ترین سٹار شپ راکٹ اڑان بھرنے کے لیے تیار ہے۔
10 اپریل کو ٹیکساس میں سپیس ایکس کے مرکز میں سٹار شپ کو پہلی بار زمین کے مدار پر روانہ کیا جائے گا،ایلون مسک پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں کہ اس راکٹ کی آزمائشی پرواز کی کامیابی کے امکانات 50 فیصد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 50 فیصد امکان یہ ہے کہ اوپر جانے کے دوران راکٹ پھٹ جائے تاہم یہ لانچ لوگوں کو بیزار کن محسوس نہیں ہوگی،یہ راکٹ 120 میٹر لمبا ہے جس کا وزن 50 لاکھ کلوگرام ہے اور آزمائشی پرواز میں کوئی انسان موجود نہیں ہوگا۔
Starship preparing for launch pic.twitter.com/M1pR8rsmYt
— Elon Musk (@elonmusk) April 6, 2023
اسٹار شپ کو بار بار استعمال کرنا ممکن ہوگا اور یہ بنیادی طور پر 2 حصوں پر مشتمل ہے،ایک تو سپر ہیوی راکٹ بوسٹر ہے جبکہ دوسرا وہ حصہ ہے جو انسانوں کو خلا میں لے جانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
آزمائشی لانچ کے دوران سپر ہیوی بوسٹر خود کو الگ کرکے سمندر میں اتر جائے گا جبکہ اسٹار شپ زمین کی مدار تک جائے گا اور پھر سمندر پر اترے گا،یہ پوری پرواز 90 منٹ میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
3 ارب ڈالرز مالیت کا یہ راکٹ ایک دن انسانوں کو چاند اور مریخ پر لے جائے گا، 2025 میں ناسا کی جانب سے انسانوں کو چاند پر بھیجنے کے مشن کی کامیابی کا انحصار بھی سٹار شپ راکٹ پر ہوگا۔