عمر سیف آئی سی ٹی سیکٹر کے فروغ کیلئے متحرک، تعطیل کے روز بھی میٹنگز کا انعقاد

Published On 19 August,2023 05:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام ڈاکٹر عمر سیف آئی سی ٹی سیکٹر کے فروغ کیلئے متحرک ہوگئے جس کیلئے انہوں نے رات گئے اور تعطیل کے روز بھی میٹنگز کا انعقاد کیا۔

نگران وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام ڈاکٹر عمر سیف نے رات گئے وزارت آئی ٹی کے افسران اور منسلک اداروں کے سربراہان سے تفصیلی بریفنگ لی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سیاسی نہیں آئی ٹی ہنرمند ہوں اس لیے صرف آئی سی ٹی پر ہی بات ہوگی، کوشش ہوگی کہ نگران حکومت کے پاس جتنا بھی وقت ہے اس میں عوام اور انڈسٹری کیلئے مثبت اقدامات کروں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی ایکسپورٹ میں نمایاں اضافے کیلئے سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور وزارت خزانہ سمیت سب سے بات کروں گا، فری لانسرز اور سٹارٹ اپس کلچر کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

ڈاکٹر عمر سیف کا مزید کہنا تھا کہ موبائل مینو فیکچرنگ سے متعلق مسائل کے حل اور عوام کو سستے اور قسطوں پر سمارٹ فونز کی فراہمی کی خواہش ہے، ٹیلی کام سیکٹر کے مسائل سے آگاہ ہوا، جلد ہی انڈسٹری اور سٹیک ہولڈرز سے نتیجہ خیز بات ہوگی۔