ایلون مسک نے ایکس سے اہم فیچر ’بلاک‘ ختم کرنے کا اعلان کر دیا

Published On 19 August,2023 09:50 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) ایکس (ٹوئٹر) نے اہم فیچر ’بلاک‘ کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا، اب کوئی کسی کو بلاک نہیں کر سکے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ( ٹوئٹر) کے بانی ایلون مسک کا یہ اعلان ایک صارف کی جانب سے پوسٹ کئے گئے ایک سوال کے جواب میں سامنے آیا جس میں انہوں نے پوچھا کہ ’کیا کبھی کسی کو بلاک کرنے یا خاموش کرنے کی کوئی وجہ ہے؟ اپنی وجوہات بتائیں۔‘’

اس صارف نے پلیٹ فارم کے دیگر صارفین کے سامنے سوالات رکھے تھے تاہم جواب خود مالک کی طرف سے آیا تھا۔

اس کے جواب میں مسک نے لکھا کہ ’بلاک کو ’فیچر‘ کے طور پر ڈیلیٹ کیا جائے گا، سوائے DMs کے۔

اس کے بعد، انہوں نے اس قدم کے لئے اپنی دلیل بھی شامل کی، کہ ’’اس کا کوئی مطلب نہیں ہے۔‘‘

واضح رہے کہ بلاک فنکشن صارفین کو اپنے مواد کو مکمل طور پر دیکھنے سے روکنے کی اجازت دیتا ہے، اس فنکشن کو کب ہٹایا جائے گا، اس حوالے سے مسک نے کوئی تاریخ نہیں دی ہے۔

ایک صارف کی جانب سے یہ نشاندہی بھی کی گئی کہ بلاک آپشن کو ہٹانا ایپ اسٹور کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی ہوسکتی ہے۔