روسی سپیس کرافٹ چاند کے مدار میں داخل ہوگیا

Published On 16 August,2023 09:38 pm

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کا سپیس کرافٹ لونا 25 چاند کے مدار میں داخل ہوگیا ہے۔

روسی خلائی ادارے راسکوسموس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لونا 25 چاند کے مدار میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے داخل ہوا۔

بیان میں بتایا گیا کہ یہ اپیس کرافٹ 5 دن تک مدار میں چکر لگائے گا اور پھر اپنا راستہ بدل کر 21 اگست کو چاند کے قطب جنوبی میں لینڈنگ کی کوشش کرے گا۔

خیال رہے کہ لونا 25 کو 11 اگست کو روانہ کیا گیا تھا اور یہ 47 سال میں پہلا مشن تھا جو روس نے چاند کی جانب روانہ کیا، اس سے پہلے روس نے 1976 میں لونا 24 چاند پر بھیجا تھا جو چاند کی سطح سے 170 گرام مٹی لایا تھا۔

لونا 25 کے ساتھ ساتھ بھارت کا چندریان 3 مشن بھی اس وقت چاند کے مدار میں موجود ہے جو 23 اگست کو اسی خطے میں لینڈنگ کی کوشش کرے گا جہاں روسی اسپیس کرافٹ اتارا جائے گا۔

واضح رہے کہ جولائی میں روانہ کیے جانے والا چندریان 3 مشن اگست کے شروع میں چاند کے مدار میں داخل ہوا تھا۔