ماسکو: (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرین کے ماسکو کے وسط میں واقع عمارتوں پر ڈرون حملے کے بعد کشیدگی میں اضافہ نہ کرے۔
روس کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ امور کی ترجمان نبیلہ مصرعلی نے برسلز میں ایک بریفنگ میں کہا کہ روس کواس ڈرون حملے کو مزید کشیدگی کے بہانے کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
نبیلہ مصرعلی کے مطابق یورپی یونین کے پاس ڈرونز کی اصل اور واقعہ کی تفصیل کے بارے میں کوئی آزادانہ معلومات نہیں۔انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ یوکرین کو یورپی یونین کے مہیّا کردہ ہتھیاروں کو صرف اپنے علاقے کے دفاع کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کی طرف سے یوکرین کومہیّاکردہ فوجی سازوسامان صرف اس کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پرھیں: ماسکو پر ڈرون حملہ، بلند و بالا عمارت سٹی کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین نے جولائی کے اختتام پر ایک ڈرون حملہ کیا ہے جس میں ماسکو کے وسط میں واقع دو عمارتوں اور جزیرہ نما کریمیا میں گولہ بارود کے ڈپو کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
یوکرین کے ایک دفاعی ذریعے نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ماسکو پر حملہ کیف کی ملٹری انٹیلی جنس کی جانب سے کیا جانے والا ایک خصوصی آپریشن تھا۔ ڈرون حملے کے بعد روس کی وزارت دفاع نے سخت جوابی اقدامات کا عزم ظاہر کیا تھا۔