روس کا زیلنسکی کے آبائی شہر پر میزائل حملہ، 6 افراد ہلاک

Published On 01 August,2023 06:05 am

کیف : ( ویب ڈیسک ) یوکرین کے شہر کریوی ریہ پر روسی میزائل حملے کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے ۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق میزائل حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں 10 سالہ بچی اور اس کی ماں بھی شامل ہیں۔

یوکرین کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کہ پیر کو ایک بلند و بالا عمارت اور ایک یونیورسٹی پر میزائل گرنے سے 69 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ علاقائی گورنر سرہی لائساک نے ہلاک ہونے والوں کے لیے یوم سوگ کا اعلان کیا۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کا آبائی شہر کریوی ریہ روسی حملوں کا مستقل ہدف رہا ہے۔

حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں 4 سے 17 سال کی عمر کے بچے بھی شامل تھے۔

صدر زیلنسکی نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ حملے سے درجنوں لوگ صدمے کا شکار اور زخمی ہوئے ہیں لیکن انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ دہشت گردی ہمیں خوفزدہ نہیں کرے گی اور نہ ہی ہمیں توڑے گی۔

رپورٹس کے مطابق حالیہ ہفتوں میں روس ایک بار پھر شہری اہداف پر حملوں میں اضافہ کر رہا ہے اور زیلنسکی کے ایک اعلیٰ مشیر میخائیلو پوڈولیاک نے ماسکو پر یوکرینیوں کی نسل کشی کے لئے حملے شروع کرنے کا الزام لگایا ہے۔

گزشتہ ماہ اقوام متحدہ نے کہا تھا کہ گزشتہ سال شروع ہونے والی جنگ کے دوران اب تک تقریباً 25,671 شہری ہلاک ہو چکے ہیں لیکن حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔