نئی دہلی: (ویب ڈیسک) امریکی کمپنی کی جانب سے چین پر انحصار کم کرتے ہوئے بھارت میں آئی فون 15 سیریز کی پروڈکشن بڑھانے پر کام شروع کردیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایپل کے کنٹریکٹر کی جانب سے بھارت میں آئی فون 15 کی پروڈکشن شروع کر دی گئی ہے، ایپل کی جانب سے کچھ سال سے بھارت اور ویتنام میں آئی فونز اور دیگر ڈیوائسز کو تیار کیا جا رہا ہے تاہم پروڈکشن کے لیے زیادہ انحصار چین پر کیا جاتا تھا۔
بھارت میں نئے آئی فونز کی پروڈکشن اس وقت شروع کی گئی جب جولائی میں چین میں ان کی تیاری کا آغاز ہوا تھا، یہ پہلی بار ہے جب نئے آئی فونز کی پروڈکشن بیک وقت 2 ممالک میں ہو رہی ہے۔
گزشتہ سال چین میں کووڈ کی وبا اور دیگر وجوہات کے باعث کارخانے بند رہنے پر ایپل کی جانب سے بھارت میں آئی فون 14 سیریز کے کچھ ماڈلز تیار کیے گئے تھے، مگر اس سال ایپل کی جانب سے چین پر انحصار کم کیا جا رہا ہے۔
چند ماہ پہلے ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 2022 میں عالمی سطح پر تیار ہونے والے لگ بھگ 7 فیصد آئی فونز کی پروڈکشن بھارت میں ہوئی، اس سے قبل 2021 میں آئی فونز کی محض ایک فیصد پروڈکشن بھارت میں ہوئی تھی۔