لندن: (ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دورہ برطانیہ کی دعوت موصول ہو گئی، 2018 کے بعد محمد بن سلمان برطانیہ کا دورہ کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو فون کیا، اس دوران رشی سونک نے تجارت اور سرمایہ کاری، صنعت، دفاع اور سلامتی سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودیہ، ایران تعلقات کی بحالی علاقائی سلامتی کیلئے اہم ہے: شہزادہ فیصل
دونوں سربراہوں نے روس یوکرین جنگ کے خاتمے، منصفانہ اور دیرپا امن کی حمایت کیلئے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا، اس کے علاوہ برطانوی وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو دورہ کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
واضح رہے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دورہ برطانیہ کی دعوت موصول ہو گئی تاہم ان کی برطانوی وزیراعظم رشی سونک سے فی الحال ملاقات طے نہیں ہوئی، رواں برس انرجی سیکرٹری گرانٹ شاپس نے سعودی حکام سے مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی تھی۔
صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سعودی ولی عہد برطانیہ کا پہلا دورہ کریں گے، صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی مغربی ممالک نے شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔