سان فرانسسكو: (ویب ڈیسک) کئی ماہ کی آزمائش کے بعد ایلون مسک کی ایکس ایپ نے اپنے صارفین کیلئے مقتدر اداروں کی جانب سے ملازمتوں کی فہرست جاری کر دی ہے، سابقہ ٹیوٹر ایپ کے نئے بی ٹا ورژن میں بھی اسے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس سہولت سے مختلف ادارے اعلیٰ افرادی قوت کی تلاش کیلئے اشتہار شائع کر سکتےہیں، واضح رہے کہ ایلون مسک چاہتے ہیں کہ ایکس کو ہرطرح سے ایک ہر فن مولا اور مفید ایپ میں تبدیل کیا جائے۔
اس ضمن میں بعض سکرین شاٹ سامنے آئے ہیں جن میں سنہرے نشان والے، کاروبار اور کمپنیوں کے پروفائل، مرکزی ٹائم لائن یا فالوورز کے اعداد کے ساتھ ہی نوکریوں کی لسٹ دیکھی جاسکتی ہے۔
بی ٹا ورژن میں ’ویوآل جابز‘ پر کلک کر کے آپ تمام ملازمتوں تک پہنچ سکتے ہیں جو اس کمپنی نے پوسٹ کی ہے، اسی ایپ سے ملازمت کی درخواست بھی دی جا سکتی ہے، ایکس نے کہا ہے کہ وہ ان ملازمتوں کے درست ہونے کی ضمانت بھی لے رہا ہے۔
اگر آپ کسی کمپنی کے مالک ہیں تو اس سہولت کیلئے اپنے ادارے کی تصدیق کرانا ہوگی، اس کیلئے 1000 ڈالر ماہانہ کا پریمیئم بزنس پلان خریدنا ہوگا اور ایبکس ہائرنگ بی ٹا پر بھی اپلائی کرنا ہوگا۔
بی ٹا ورژن کے باوجود جابز لسٹنگز ہر ملک اور صارف کو دکھائی نہیں دے رہیں تاہم یہ ایکس کو ’ہرشے‘ (ایوری تِھنگ) ایپ بنانے کی جانب سے ایک اہم پیشرفت ضرور ہے، ایلون مسک اس ایپ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ کما کر اسے ٹریلیئن ڈالر کمپنی میں بدلنا چاہتے ہیں۔