بیجنگ : (ویب ڈیسک) چین میں انٹرنیٹ کی ترقی پر 52 ویں شماریاتی رپورٹ جاری کر دی گئی۔
چین کے خبررساں ادارے کے مطا بق چائنا انٹرنیٹ نیٹ ورک انفارمیشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جون 2023 تک چین کے انٹرنیٹ صارفین کا حجم 1.079 ارب تک پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق دسمبر 2022 کے مقابلے میں 11.09 ملین کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور انٹرنیٹ تک رسائی کی شرح 76.4 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
نیٹ ورک کے انفراسٹراکچر کے لحاظ سے جون 2023 تک چین میں ڈومین نیمز کی کل تعداد 30.24 ملین ہے، فعال آئی پی وی 6 صارفین کی تعداد 767 ملین اور موبائل فون بیس سٹیشنوں کی مجموعی تعداد 11.29 ملین تک پہنچ گئی ، جن میں سے 2.937 ملین 5 جی بیس سٹیشن مکمل اور فعال ہوئے۔
موبائل انٹرنیٹ ایپلی کیشنز تیزی سے فروغ پا رہی ہیں اور گھریلو مارکیٹ میں فعال ایپس کی تعداد 2.6 ملین تک پہنچ گئی ہے ، جن میں انٹرنیٹ صارفین کی روز مرہ زندگی کا احاطہ کیا گیا ہے۔
52 ویں ’’چین کے انٹرنیٹ نیٹ ورک کی ترقی پر شماریاتی رپورٹ‘‘ کے مطابق، سال کی پہلی ششماہی میں چین کی مارکیٹ کی طلب کی بتدریج بحالی کے پس منظر میں، ڈیجیٹل معیشت مستحکم ترقی کے لئے ایک اہم انجن بن گئی ہے، جس نے معاشی بحالی کو مضبوطی سے فروغ دیا ہے.