پاک بیجنگ دوستی اور سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی: چین

Published On 15 August,2023 09:08 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) ترجمان چینی وزارت خارجہ وانگ وینبن نے 13 اگست کو چینی باشندوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی اور سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

میڈیا بریفنگ میں وانگ وینبن کا کہنا تھا کہ 13 اگست کو چینی انجینئرز کے قافلے پر دہشت گرد حملہ کیا گیا جس میں میں کوئی چینی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا تھا۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان سے مل کر دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے کام جاری رکھے گا، پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں کے تحفظ کیلئے کام کرتے رہیں گے، پاکستانی حکام منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔

وانگ وینبن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی سفارت خانے اور قونصل خانے نے فوری طور پر ہنگامی اقدامات کا آغاز کیا ہے اور پاکستان میں منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں، کمپنیوں اور اداروں کو چوکس رہنے اور سکیورٹی کو مضبوط بنانے کے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین دہشت گردی کے خطرات کے خلاف مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

خیال رہے کہ 13 اگست کو گوادر پورٹ پراجیکٹ کے قریب چینی باشندوں کے قافلے پر حملہ کیا گیا تاہم سکیورٹی فورسز کی جوابی میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے تھے۔

گوادر حملے کے بعد چین نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تخریب کاروں کو سخت سزائیں دیں اور چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔