نیویارک : (ویب ڈیسک ) امریکی بحریہ کے 2 اہلکاروں کو چین سے تعلق اور قومی سلامتی سے متعلق الزامات پرگرفتار کرلیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق سین ڈیاگو میں بحری جہاز پر تعینات امریکی اہلکار جنچاؤ وی پر قومی دفاعی معلومات چینی حکام کو دینے کا الزام ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ دوسرے اہلکار وینہینگ ژاؤ کو لاس اینجلس سے زیر حراست میں لیا گیا جس پر سازش اور چینی عہدیدار سے رشوت وصولی کا الزام ہے۔
محکمہ انصاف کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل برائے قومی سلامتی میٹ اولسن نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ چین امریکی دفاعی معلومات کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں امریکی اہلکاروں نے جہازوں کی تصاویر، اہلکاروں کی تربیت اور ہتھیاروں کے نظام سے متعلق حساس معلومات شیئر کی ہیں۔
محکمہ انصاف کے مطابق یہ دونوں امریکی بحریہ میں ملازمت کے دوران معلومات جمع کرنے کی الگ الگ کارروائیوں میں شامل تھے۔
اگست 2021 میں محکمہ انصاف نے الزام عائد کیا تھا کہ ایک چینی انٹیلی جنس افسر نے سمندری اقتصادی محقق کے طور پر کام کرنے کی آڑ میں ژاؤ سے رابطہ کیا اور سرمایہ کاری کی معلومات حاصل کیں۔