اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے نائب وزیر اعظم نے کہا ہے کہ سی پیک کی 10 سالہ تقریب میں شرکت کر کے خوشی ہوئی ہے، یہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ ہے، سی پیک چین اور پاکستان کے نئے دور کا آغاز ہے، سی پیک نے دونوں ملکوں کے باہمی مفاد کو نئی جلا بخشی، سی پیک دونوں ملکوں کے درمیان فلیگ شپ منصوبہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چین کے نائب وزیراعظم کو ہلال پاکستان سے نواز دیا گیا
ہی لی فینگ نے مزید کہا ہے کہ سی پیک دونوں ملکوں کے درمیان اہم منصوبہ ہے جس سے خطے میں سماجی ترقی کا دور شروع ہوا، سی پیک کے تحت اربن ریلوے، فائبر آپٹک سمیت مختلف منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا، پاکستان میں سڑکوں کے جال بچھائے گئے، توانائی، زراعت، ریلوے، آئی ٹی سمیت مختلف منصوبے شروع کیے۔
یہ بھی پڑھیں: باجوڑ دھماکا: وزیر اعظم کا سی پیک کی 10 سالہ تقریبات سادگی سے منانے کا فیصلہ
چین کے نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں صنعتی ترقی کے دور کا آغاز ہوا، انڈسٹری، کلچر اور صحت کے شعبوں میں مزید تعاون کی ضرورت ہے، پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں، چین پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانا چاہتا ہے۔