اسلام آباد: (دنیانیوز) دوست ملک چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین اور پاکستان ہمہ موسمی سٹریٹجک پارٹنر اور فولادی دوست ہیں۔
سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر چینی نائب وزیراعظم کے دورۂ پاکستان کے حوالے سے چین کی وزارتِ خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2023ء چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور سی پیک کی 10 ویں سالگرہ ہے۔
اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ پچھلی دہائی میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور سی پیک کے نتیجہ خیز نتائج حاصل کیے، سی پیک چین اور پاکستان کی دوستی کے لیے ایک نیا معیار بن گیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی حکومت سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں شاندار تقریب کرے گی ، جس میں چین کے صدر کے خصوصی نمائندے نائب وزیر اعظم شرکت کریں گے ، چینی نائب وزیرِ اعظم ہی لائی فنگ دورے کے دوران پاکستانی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق امید ہے کہ نائب وزیرِ اعظم کا یہ دورہ پاک چین دوستی کی تجدید اور ماضی کی کامیابیوں کو آگے بڑھائے گا۔
چینی وزارت خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ چینی نائب وزیرِ اعظم کے دورے سے سی پیک کی ترقی کو اپ گریڈ کرنے میں مدد ملے گی، اس دورے سے پاک چین تعلقات کو مضبوط اور گہرا کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق پاک چین سٹریٹجک پارٹنر شپ نئے دور میں مشترکہ مستقبل مزید مضبوط بنانے میں مددگار ہو گی۔
واضح رہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ کے خصوصی نمائندے اور نائب وزیرِ اعظم آج شام 7 بجے اسلام آباد پہنچیں گے اور ان کی باقاعدہ مصروفیات کل سے شروع ہوں گی۔
چینی نائب وزیراعظم کل وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات اور سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر ہونے والی تقریب میں شرکت کریں گے۔