اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ لیبیا میں زیر حراست پاکستانیوں کی واپسی کیلئے آئی او ایم کیساتھ رابطے میں ہیں۔
بن غازی لیبیا میں زیر حراست پاکستانیوں سے متعلق میڈیا کے سوالات کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ کی ہدایات پر طرابلس میں پاکستانی ناظم الامور نے بن غازی میں حراستی مرکز کا دورہ کیا۔
ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ پاکستان کے ناظم الامور عاشق علی نے پاکستانی نژاد قیدیوں سے ملاقات کی، قیدیوں کو خوراک اور بنیادی ضرورت کی اشیا فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن معمول کے طبی معائنے اور زیر حراست افراد کو ادویات کی فراہمی کے لیے اقوام متحدہ کی طبی ٹیم کے ساتھ رابطے میں ہے، مشن ان قیدیوں کی جلد وطن واپسی کے لیے آئی او ایم کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔