سٹاک ہوم: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے پاکستان سویڈن میں تورات اور بائبل کی سرعام بےحرمتی کی اجازت دینے کی مذمت کرتا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ آزادی اظہارِ رائے کی آڑ میں مذہبی منافرت کی جارحانہ کارروائیوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا، امن کے مذہب کے طور پر اسلام تمام مذاہب، مقدس شخصیات اور مقدس صحیفوں کے احترام کا مطالبہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی اخلاق کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ مذاہب، عقائد اور ثقافتوں کے درمیان باہمی احترام، ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے، عالمی برادری یک آواز ہو کر مذہبی منافرت کی ایسی تمام گھناؤنی کارروائیوں کی مذمت کرے۔