وزارت خارجہ اور نیول ہیڈ کوارٹرز کے درمیان سالانہ سٹاف مذاکرات

Published On 24 July,2023 10:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خارجہ اور نیول ہیڈ کوارٹرز کے درمیان سالانہ سٹاف مذاکرات دفتر خارجہ میں ہوئے۔

سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان اور ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) وائس ایڈمرل اویس اے بلگرامی نے مذاکرات کے لیے متعلقہ فریقین کی قیادت کی، اجلاس کی صدارت وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کی، اجلاس میں وزارت امور جہاز رانی نے بھی شرکت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان کے سمندری مفادات بشمول میری ٹائم سکیورٹی، بلیو اکانومی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کی ضروریات کے بارے میں جامع جائزہ لیا گیا، سمندری مسائل سے نمٹنے کے لیے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی فورمز میں پاکستان کی شرکت کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔

ممتاز زہرا بلوچ نےبتایا کہ ملاقات میں مختلف شعبوں میں بین الاقوامی تعاون اور استعداد کار بڑھانے کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، فریقین نے پاکستان کے بحری مفادات کے حصول کے لیے میری ٹائم ڈومین میں تمام متعلقہ شراکت داروں کی کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک جامع قومی میری ٹائم پالیسی فریم ورک کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے پاکستان کی بحری اور بلیو اکانومی کی صلاحیتوں کے ادراک کے لیے ایک فعال ملکی ماحولیاتی نظام کو تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا، وزیر مملکت نے بحری ڈومین میں موثر بین الاقوامی شراکت داری کے فعال حصول کے لیے ایک فعال ملکی ماحولیاتی نظام کو تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شرکاء نے اس مقصد کے لیے اپنی بات چیت اور ہم آہنگی کو گہرا کرنے اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔