کراچی : (دنیانیوز) سمندری طوفان بپرجوائے کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کا ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی میرینز کی ٹیمیں سجاول، کیٹی بندر، شاہ بندر، کھاروچن میں خدمات انجام دے رہی ہیں ۔
ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ چوھڑ جمالی اور جاتی کے نواحی گوٹھوں میں بھی امدادی سرگرمیاں سرانجام دی جارہی ہیں ، پاک بحریہ کی جانب سے اب تک 17 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کی ریسکیو اور میڈیکل ٹیمیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
واضح رہے کہ سمندری طوفان ’ بپر جوائے ‘ آج پاکستانی حدود میں داخل ہوگا اور کیٹی بندر سے ٹکرائے گا، طوفان کے پیشِ نظر ملک کے ساحلی علاقوں سے ہزاروں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔