بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے کسٹمز کی جنرل ایڈمنسٹریشن (جی اے سی سی) نے چین کو چیری برآمد کرنے کے لیے گلگت بلتستان سے مزید ساٹھ باغات کی منظوری دے دی ہے۔
بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے کمرشل قونصلر غلام قادر نے کہا کہ چینی کسٹمز کے ذریعے پاکستانی چیری کے باغات کی منظوری گلگت بلتستان کے زرعی شعبے کے لیے نمایاں صلاحیت رکھتی ہے جہاں چیری کی کاشت ایک نمایاں صنعت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین کے درمیان ایم ایل 1 منصوبہ کی فنانسنگ کے معاملات طے
چینی کسٹمز کی طرف سے توثیق اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان سے چیری چین کو برآمد کرنے کے لیے مطلوبہ معیارات اور ضوابط پر پورا اترتی ہے، اس سے نہ صرف تجارت کی نئی راہیں کھلتی ہیں بلکہ ایک وسیع بین الاقوامی منڈی میں پاکستانی چیری کے معیار اور ذائقے کی بھی نمائش ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چین نے پاکستان کا 2.4 ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کردیا : اسحاق ڈار
گلگت بلتستان ہر موسم میں 4,000 ٹن سے زیادہ معیاری چیری پیدا کرتا ہے، چینی کسٹمز کے ذریعے پاکستانی چیری کے باغات کی منظوری تجارتی تعلقات کو بڑھانے کی طرف ایک قدم ہے اور یہ گلگت بلتستان سے پیدا ہونے والی پیداوار کے معیار کا ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ 15 کولڈ سٹوریج اور پیکنگ کی سہولیات بھی چینی کسٹم سے منظور شدہ ہیں جو چین کو چیری برآمد کر سکتی ہیں۔