اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے چین میں 16 نئے مقامات کے لئے اپنے فلائٹ آپریشن کو وسعت دے دی۔
پی آئی اے کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ پی آئی اے نے چین میں 16 نئے مقامات کے لئے اپنے فلائٹ آپریشن کو وسعت دی ہے، اب مسافر بیجنگ کے علاوہ چین کے 16 شہروں کے لئے سفر کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین کے درمیان ایم ایل 1 منصوبہ کی فنانسنگ کے معاملات طے
پی آئی اے پاکستان اور چین کے درمیان پروازوں پر طلبا کے لیے کرایوں میں پہلے ہی 20 فیصد رعایت دے رہی ہے، پی آئی اے نے اکانومی کلاس کے لیے 80 کلو گرام اور ایگزیکٹو اکانومی کلاس کے لیے 100 کلوگرام تک مفت سامان کے ساتھ کم ترین کرایوں کی بھی پیشکش کر رکھی ہے۔
پی آئی اے پہلے ہی اعلان کر چکی ہے کہ وہ 06 اگست سے چین کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرے گی۔
ابتدائی طور پر پی آئی اے ہر اتوار کو اسلام آباد۔بیجنگ۔اسلام آباد روٹ پر ہفتہ وار ایک فلائٹ چلائے گی اور بیجنگ سے 21:15 پر اسلام آباد آئیگی۔
یہ بھی پڑھیں: ایئر پورٹس کی آؤٹ سورسنگ: حکومت اور سی اے اے انتظامیہ نے گھٹنے ٹیک دیئے
پی آئی کے ایک اہلکار کے مطابق بیجنگ سے اسلام آباد کا یک طرفہ کرایہ 3814 آر ایم بی جبکہ ریٹرن ٹکٹ کا کرایہ 5685 آر ایم بی ہے۔
اگر ٹکٹ آن لائن خریدے جائیں تو مسافروں کو مزید رعایت بھی مل سکتی ہے، چین کے ان شہروں میں گوانگزو، شنگھائی، ووہان، شینگڈو، چونگ کنگ، چانگچون، ہانگ زو، ہاربن سمیت 16 شہر شامل ہیں جہاں مسافر پی آئی اے کے ذریعے سفر کر سکیں گے۔