پی آئی اے کی تنظیم نو کے لیے وفاقی وزرا نے سر جوڑ لیے

Published On 06 July,2023 09:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ( پی آئی اے) کی تنظیم نو کے لیے وفاقی وزرا نے منصوبہ بندی شروع کر دی۔

اس سلسلہ میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق، وزیر تجارت سید نوید قمر اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے شرکت کی۔

وزارت خزانہ کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری ایوی ایشن اور فنانس اور ایوی ایشن افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے، ایوی ایشن ڈویژن حکام نے وزیرخزانہ کو پی آئی اے کو درپیش آپریشنل اور مالیاتی چیلنجز سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عوام کیلئے بُری خبر، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں ٹرانسفر کرانے کی فیسوں میں اضافہ

اعلامیہ کے مطابق سی اے اے حکام نے مسائل کے ممکنہ حل اور اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں پی آئی اے کی تشکیل نو کے لیے دستیاب حل پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں پی آئی اے کی کارکردگی بہتر بنانے اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پی آئی اے کی تشکیل نو کے لیے پیش کی گئی تجاویز کو سراہا۔

اعلامیہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ متعلقہ حکام تفصیلی روڈ میپ تیار کر کے آئندہ اجلاس میں پیش کریں۔