لاہور: (دنیا نیوز) حکومت نے مہنگائی کے مارے عوام پر ایک اور بم گرا دیا، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں ٹرانسفر کرانے کی فیسیں بڑھ گئیں، محکمہ ایکسائز نے سسٹم میں نئی فیسوں کا اطلاق کر دیا۔
موٹر سائیکل کی ٹرانسفر فیس میں دو سو فیصد سے زائد اضافہ جبکہ 1500 سی سی سے زائد کی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس میں ایک فیصد کمی کر دی گئی، گاڑیوں کی رجسٹریشن پر فائلر اور نان فائلر کی شرح بھی بڑھا دی۔
یہ بھی پڑھیں: مالی سال 23-2022ء کے ابتدائی 11 ماہ میں 25 ہزار 319 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں
موٹر سائیکل کی ٹرانسفر فیس ڈیڑھ سو روپے سے بڑھا کر 5 سو روپے کر دی گئی، رکشہ کی ٹرانسفر فیس 12 سو سے بڑھا کر 2500، ایک ہزار سی سی سے 1800 سی سی تک گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس 2 ہزار سے بڑھا کر 5 ہزار اور 1800 سی سی سے زائد گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس 3 ہزار کے بجائے 10 ہزار لی جائے گی۔
کمرشل گاڑیوں کی فیس 4 ہزار سے بڑھا کر 5 ہزار کر دی گئی، 2 ہزار سی سی سے زائد گاڑیوں کی رجسٹریشن کروانے والے بھی بھاری فیس دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے مقامی قرضوں میں ایک سال کے دوران 8 ہزار ارب روپے کا اضافہ
فائلر اور نان فائلر کے لئے ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح اب گاڑی کی ویلیو پر ہو گی، 2 ہزار سے 25 سو سی سی گاڑیوں کی قیمت کا 6 فیصد فائلر جبکہ نان فائلر 18 فیصد ادا کرے گا، 2500 سے 3 ہزار سی سی گاڑی کا ود ہولڈنگ ٹیکس فائلر کے لئے 8 فیصد اور نان فائلر کے لئے 24 فیصد ہو گا۔
3 ہزار سی سی سے زائد گاڑیوں کا ٹیکس فائلر 10 فیصد جبکہ نان فائلر 30 فیصد ادا کرے گا۔