مدارس کی قانون سازی پر کسی قسم کا کمپرؤمائز نہیں کریں گے: مولانا اسعد محمود

Published On 06 July,2023 07:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے کہا ہے کہ مسلمان کسی مذہب کی توہین نہیں کرتا، مغرب میں واقعات ایک تسلسل ہیں، ہمیں مغرب کی ترجیحات کو اب خیرباد کہنا ہوگا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ مغرب والے مدارس کی قانون سازی کو بدلنا چاہتے ہیں، یہ پاکستان میں کیا اندھیرنگری ہے، مدارس بچوں کو مفت تعلیم دیتے ہیں، اگر مغرب کے ایجنڈے کو حکومت اپنی ترجیحات میں رکھے گی تو حکومت ہمیں اپنے سامنے پائے گی، ہم مدارس کے حوالے سے کسی قسم کا کمپرؤمائز نہیں کریں گے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا ہے کہ جنرل سکندر سے جنرل باجوہ دور تک مدارس کو فٹ بال بنایا گیا، انگریز دور میں بھی مدارس کی رجسٹریشن ہوتی رہی، قانون ہوتے ہوئے مدارس کو رجسٹریشن نہیں دی جا رہی، ہم نے کبھی قانون سازی میں سودے بازی نہیں کی، ہمارے ملک میں سکیورٹی مسائل ہیں مدارس کو اڑایا جاتا ہے، علماء کرام کو شہید کیا جاتا ہے، باجوڑ تحصیل میں 17 علما کرام کو شہید کیا گیا۔

انہوں نے کہا میران شاہ میں عید سے لیکر اب تک پانچ جنازے اٹھا چکا ہوں، بلوچستان، فاٹا کے اندر جمعیت علما اسلام کے رہنماؤں، کارکنوں کو شہید کیا گیا، ہمیں اپنی شہادتوں پر مایوسی نہیں لیکن ریاست کے طور پر ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا، ہم نے ملک کے اندر انجینئرڈ الیکشن دیکھے، ہماری جماعت جمہوری پاکستان کی بات کرتی ہے، مغرب کی ترجیحات کے ایجنڈوں کا مل کر مقابلہ کریں گے۔