اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی سے عالم اسلام اور مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی، شعائر اللہ کو برداشت نہ کرنا تنگ نظری اور عدم برداشت کا ثبوت ہے، مغرب برداشت کے حوالے سے دوہرے معیار کا شکار ہے۔
اپنے ایک بیان میں حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں، حکومت پاکستان سمیت تمام مسلم حکمران خاموشی اختیار کرنے کی بجائے جرأت مندانہ موقف اختیار کر کے اس قسم کے گھناؤنے فعل کو روکنے کیلئے مغرب پر دباؤ ڈالیں، واقعے کے بعد پورے عالم اسلام میں غم و غصے کی لہر پائی جاتی ہے، صرف میڈیا کے ذریعے مذمت کافی نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مردان: جے یو آئی کا سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کیخلاف احتجاج
جمعیت علمائے اسلام کے رہنما نے مزید کہا کہ مغرب ایک عرصے سے شعائر اللہ اور ناموس رسالت کی توہین کا مرتکب ہوتا چلا آ رہا ہے، سویڈن حکومت مجرموں کی پشت پناہی کی بجائے انہیں سزا دے، سویڈن حکومت نے کارروائی نہ کی تو مسلمان سخت رد عمل دینے سے گریز نہیں کریں گے، مسلمانوں پر دہشت گردی، انتہا پسندی اور شدت پسندی کا لیبل لگانے والے خود انہیں جرائم کا مجموعہ ہیں۔