مالی سال 23-2022ء کے ابتدائی 11 ماہ میں 25 ہزار 319 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں

Published On 04 July,2023 05:55 pm

لاہور: (دنیا انویسٹی گیشن سیل) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ مالی سال 23-2022ء کے ابتدائی 11 ماہ (جولائی 2022- مئی 2023) کے دوران کل 25 ہزار 319 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جو کہ اب تک کل رجسٹرڈ شدہ کمپنیوں کا 13 فیصد ہے۔

ایس ای سی پی کی جاری کردہ دستاویزات کے مطابق مئی 2023ء تک ملک میں کل رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد ایک لاکھ 94 ہزار 466 ہو گئی ہے، اسی طرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 3 ہزار 59 کمپنیاں بند ہوئیں، گزشتہ مالی سال کے دوران 771 کمپنیوں میں چین، امریکہ، برطانیہ، ترکی، نیدرلینڈز، جرمنی، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک سے سرمایہ کاری کی گئی۔

گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ میں سب سے زیادہ کمپنیاں رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ دوسرے اور تجارت کا شعبہ تیسرے نمبر پر رہا، اسی طرح 99.8 فیصد کمپنیاں آن لائن، 58 فیصد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹڈ رجسٹرڈ ہوئیں۔

39 فیصد سنگل ممبر کمپنیاں جبکہ 3 فیصد کمپنیاں لمیٹڈ لائبیلیٹی پارٹنر شپس (ایل ایل پی)، غیر ملکی کمپنیاں اور غیر منافع بخش کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

مالی سال 23-2022ء کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران سب سے زیادہ 4 ہزار 214 نئی کمپنیوں کی رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ کنسٹرکشن سیکٹر میں رجسٹریشن ہوئی، آئی ٹی میں 3 ہزار 691، ٹریڈنگ میں 2 ہزار 868، سروسز میں 2 ہزار 634، کھانے پینے کے شعبہ سے منسلک ایک ہزار 14، سیاحت میں 999 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔

تعلیم میں 961، ای کامرس میں 830 کمپنیاں، مارکیٹنگ اینڈ ایڈورٹائزنگ کے شعبہ میں 551، ٹیکسٹائل کے شعبہ میں 496 جبکہ انجینئرنگ کے شعبہ میں 450 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔

گزشتہ مالی سال جولائی تا مئی میں ایس ای سی پی کی آن لائن سہولت کو استعمال کرتے ہوئے 831 صارفین بیرون ملک سے رجسٹر ہوئے جبکہ رجسٹر ہونے والی کمپنیوں کا کل ادا شدہ سرمایہ کا تخمینہ 31 ارب 60 کروڑ روپے رہا۔

ایس ای سی پی کی ای سروسز کی ایف بی آر اور دیگر صوبائی محکموں کے ساتھ اینٹی گریشن کے نتیجہ میں 23 ہزار 244 کمپنیاں ایف بی آر کے ساتھ رجسٹر ہوئیں، 731 کمپنیاں ایمپلائز اولڈ ایج بینفیٹ انسٹی ٹیوٹ (ای او بی آئی)، 478 کمپنیاں پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن اور سندھ ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن کے ساتھ جبکہ 503 کمپنیاں محکمہ ایکسائز ایڈ ٹیکسیشن کے ساتھ رجسٹر ہوئیں۔

یاد رہے کہ مالی سال 22-2021ء میں 26 ہزار 502 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جبکہ 42 ارب 40 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی، یوں، گزشتہ مالی سال 23-2022ء میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 4.6 فیصد کمی جبکہ سرمایہ کاری کے حجم میں 25.47 فیصد کمی دیکھی گئی۔