کراچی: (دنیا نیوز) ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے معاملہ پر سی اے اے ملازمین کے احتجاج کے سامنے حکومت اور سی اے اے انتظامیہ نے گھٹنے ٹیک دیئے۔
وزیر ہوا بازی خواجہ سعدرفیق نے سی اے اے کی یونینز کے سربراہان کو ملاقات کیلئے دعوت دے دی، خواجہ سعدرفیق سے اجلاس 30 جولائی کو لاہور میں ہو گا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی ہیڈ کوارٹرز سے تحریری طور پر سی اے اے یونینز کے سربراہان کو آگاہ کر دیا گیا، ایئرپورٹس آؤٹ سورسنگ پر سی اے اے یونینز کے سربراہان کو اپنے خدشات اور تجاویز تحریری طور لانے کی ہدایت کر دی گئی۔
اجلاس میں سول ایوی ایشن ملازمین کی نمائندہ یونینز کے سربراہان کو بھی مدعو کیا گیا ہے، وزیر ہوا بازی نے ڈی جی سی اے اے وفاقی سیکرٹری ہوا بازی کو بھی اجلاس میں شرکت کیلئے لاہور طلب کر لیا۔
سی اے اے کی نمائندہ تنظیموں کے اراکین وزیر ہوا بازی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کریں گے، آؤٹ سورسنگ کے خلاف سول ایوی ایشن ملازمین نے آپریشن بند کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔