اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی بل 2023ء قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا، بل وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے پیش کیا۔
جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے بل پر تحفظات اٹھا دیے، مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ بل کے تحت سول ایوی ایشن دو حصوں میں تقسیم ہو جائے گی، بل پر ملازمین کو تحفظات ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سول ایوی ایشن کی تقسیم سے کسی ملازم کو نوکری سے نہیں نکالا جائیگا، سول ایوی ایشن اور ریگولیٹری کو الگ کرنا بین الاقوامی ریکوائرمنٹ ہے۔
وزیر ہوا بازی نے کہا کہ پاکستان کی فلائٹ پر پابندی ہے اور پاکستانی شہری مہنگے ٹکٹ خریدنے پر مجبور ہیں، سابق وفاقی وزیر کے احمقانہ بیان سے پابندی لگی۔
پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی بل 2023ء پر قانون سازی کا عمل شروع ہو چکا ہے، بل کی شق وار منظوری کا عمل جاری ہے۔