بیجنگ : (دنیانیوز) سمندری طوفان ڈوکسوری کی چین میں تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے ، دارالحکومت بیجنگ بھی سمندری طوفان کی زد میں آگیا ہے ۔
خبر ایجنسی کے مطابق سمندری طوفان ڈوکسوری جمعہ کی صبح جنوب مشرقی چین سے ٹکرایا، ممکنہ خطرے کے پیش نظر 4 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
طوفان کے باعث بیجنگ میں کھیلوں کی تقریبات بھی معطل کردی گئیں جبکہ متعدد سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں ۔
خبر ایجنسی کے مطابق فلڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کاکہناہے کہ 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد ریسکیو اہلکار متحرک کر دئیے ہیں جبکہ بیجنگ میں ہزاروں افراد کی نقل مکانی کاسلسلہ بھی جاری ہے ۔
خبر ایجنسی کا بتانا ہے کہ بیجنگ میں مزید 3 دن تک طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ سمندری طوفان سے ممکنہ طور پر 130 ملین افراد متاثر ہوں گے۔
خبر ایجنسی کے مطابق بیجنگ ،تیانجن ، ہیبی ، شانسی اور شمالی ہینن کے علاقوں کو خطرناک قرار دے دیا گیا ہے ، چین کے موسمیاتی آبزرویٹری نے رہائشیوں کو ممکنہ خطرے اور املاک کی تباہی کے خدشات کے سبب انتہائی شدید ’ریڈ الرٹ‘ جاری کردیا۔
واضح رہے کہ طوفان ڈوکسوری نے بدھ کے روز شمالی فلپائن میں درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو گرا دیا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر بجلی منقع ہو گئی جبکہ یہ طوفان لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا باعث بنا، فلپائن میں ہلاکتوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے جبکہ مزید 21 لاپتا ہیں۔