بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے دارالحکومت میں بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 27 لاپتا ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بیجنگ میں سمندری طوفان ڈوکسوری کی وجہ سے ہونے والی شدید بارشوں نے سیلابی کیفیت اختیار کرلی، پانی کے ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر شے کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔
طوفانی بارشوں کے باعث نشیبی علاقے ڈوب گئے، درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بل بورڈز گر پڑے، مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہوگئی جن میں 2 ریسکیو اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ 27 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
یاد رہے کہ بیجنگ میں جولائی کے ماہ میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس سے ڈیم بھر گئے، ندیاں ابل پڑیں اور پانی کا ریلا رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا، متاثرہ علاقوں سے ایک لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔