میرپورآزاد کشمیر کا نواحی علاقہ جاتلاں زلزلے سے زیادہ متاثر ہوا

Last Updated On 24 September,2019 07:28 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر سمیت آزاد کشمیر میں زلزلے نے درو دیوار ہلا کر رکھ دیئے ہیں، اس دوران متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں، جس علاقے میں سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے وہ میر پور آزاد کشمیر کا نواحی علاقہ جاتلاں ہے۔

آزاد کشمیر کے بڑے اضلاع میں ایک میر پور کا نواحی علاقہ جاتلاں میں 100 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمی اتنے زیادہ ہیں کہ ہسپتال میں جگہ کم پڑ گئی ہے، جگہ کم پڑنے کی وجہ سے پارکنگ اسٹینڈ میں زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے،

زلزلے سے جاتلاں اور گرد نواح میں عمارات کے ساتھ ساتھ سڑکوں میں شگاف پڑ گئے ہیں، جاتلاں پل منڈا کے قریب نہر میں شگاف بھڑنے لگا ہے جبکہ جاتلاں میں پل منڈا کے مقام پر زلزلے کے باعث نہر کا پل ٹوٹ گیا ہے، پل ٹوٹنے سے متعدد علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

میر پور کے نواحی علاقہ میں زلزلے کے باعث مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے، جاتلاں کے علاقے افضل پور، علی بیگ میں عمارتیں متاثر ہوئی ہیں،بجلی کی تاریں زمین پر گریں نظر آ رہی ہیں۔

Advertisement