اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری اور میاں شہباز شریف سمیت ملک کی دیگر سیاسی شخصیات نے پاکستان میں زلزلے سے اور اس سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر، پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت تمام زلزلہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور ریسکیو آپریشن شروع کرے جبکہ این ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ ادارے موثر امدادی کارروائیوں کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ پارٹی عہدیدار اور کارکن زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن امداد کریں اور امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے زلزلے سے جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کارکنان کو امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ افواج پاکستان کی طرف سے امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کارکن زخمیوں کی عیادت کریں اور خون کے عطیات دیں۔ اللہ تعالیٰ پاکستانی عوام کی مدد کرے اور حفاظت فرمائے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور اس کے ہنگامی ادارے لوگوں کی فوری امداد کے لیے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ ریسکیو اور ریلیف کی جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر سے آنے والی اطلاعات پر گہری تشویش ہے۔ ہماری قومی زندگی میں یہ ایک مشکل مرحلہ ہے۔ آج پھر اسی ایثار، اخوت اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرنا ہے جس کا بے مثال مظاہرہ پوری قوم نے اس سے قبل کر چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے ارکان سمیت تمام پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کرتا ہوں کہ اپنے اپنے علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کی کاروائیوں میں بھرپور حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم اللہ تعالی سے خصوصی دعائیں کرے کہ وہ ہم پر رحم فرماتے ہوئے ہماری مشکلات اور مصیبتوں کو دور فرمائے، اللہ تعالی زخمیوں کو جلد صحت یاب فرمائے۔
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے بھی جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہا کہ زلزلہ متاثرین سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔