اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ امید ہے جلد زلزلے سے پیدا ہونے والے بحران پر قابو پا لیں گے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ زلزلے کا مرکز جہلم، میرپور کا علاقہ تھا، اس لیے اس علاقے میں زیادہ نقصان پہنچا۔
ادھر این ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر ریسپانس کا کہنا ہے کہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ تمام صوبائی اور آزاد کشمیر کی امدادی ٹیموں سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاک فوج کی امدادی ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں میں مصروف ہیں۔ جانی اور مالی نقصان کی تفصیلات اکھٹی کی جا رہی ہیں۔
دنیا نیوز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان کے کم حصے میں زلزلہ آیا جس سے امید ہے کہ ہم جلد اس سے پیدا ہونے والے نقصانات پر قابو پا لیں گے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کہ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس آنا لازمی ہے، اس لیے لوگ زلزلے سے متاثرہ اور خستہ عمارتوں سے دور رہیں۔