بیجنگ میں شدید بارشوں نے 140 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا، 20 افراد ہلاک

Published On 02 August,2023 08:05 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے دارالحکومت بیجنگ میں 744.8 ملی میٹربارش نے 140 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا۔

چینی محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان ڈوکسوری کے دوران بیجنگ میں 744.8 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اس سے قبل1891 میں 609 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

چین میں شدید بارشوں سے کم ازکم 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں، شدید بارشوں کے سبب سیلابی صورتحال کا سامناہے، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ریسکیو عمل کرتے ہوئے 50 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سمندری طوفان ڈوکسوری گزشتہ جمعے کو چین سے ٹکرایا تھا، چینی محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ایک اور سمندری طوفان چین سے ٹکرانے کی پیش گوئی کی ہے۔

طوفانی بارشوں سے دارالحکومت بیجنگ، تیانجن اور ہیبائی کے کئی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں، سڑکیں دریاؤں کا منظر پیش کررہی ہیں، تیز رفتار پانی سب کچھ بہا لے گیا ہے۔