گورنر پنجاب سے چینی قونصل جنرل کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر بات چیت

Published On 07 August,2023 12:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سے چینی قونصل جنرل نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں کی قیادت میں چینی قونصلیٹ کے وفد نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی، چینی قونصل جنرل نے گورنر پنجاب کو اکتوبر میں عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کے موقع پر مدعو بھی کیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاک چین تعلقات کی جڑیں گہری ہیں اور باہمی احترام، اعتماد اور محبت پر مبنی ہیں، چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، جب پاکستان کو بجلی کی شدید قلت کا سامنا تھا تو چین نے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد کی۔

بلیغ الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک پاک چائنہ مضبوط تعلقات کا مظہر ہے، حکومت نے سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کر دی ہے۔

چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان کے ساتھ تعلیم، زراعت، غربت کے خاتمے، صحت کے شعبے میں تعاون اور شراکت داری کو بڑھایا جائے گا، زرعی تحقیق میں پاکستان اور چین کی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعاون کو بڑھایا جائے گا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب کی اہلیہ، چینی قونصل جنرل کی اہلیہ، ڈائریکٹر پولیٹیکل سیکشن یان یانگ، سیکنڈ سیکرٹری چن بو، اتاشی اور چینی قونصلیٹ کے دیگر اراکین موجود تھے۔