لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن ہمارے آباؤ اجداد کی ایک علیحدہ ملک کے لیے تاریخی جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 23 مارچ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب اچھے کام کے لئے مصمم ارادہ کر لیا جائے اور محنت اور لگن سے اسے حاصل کرنے کی جستجو کی جائے تو کچھ بھی ناممکن نہیں، یہ دن ہمارے آباؤ اجداد کی ایک علیحدہ ملک کے لیے تاریخی جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرارداد پاکستان پاس ہونے کے تقریبا ساڑھے 7 سال میں پاکستان کا قیام قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت اور پاکستان مسلم لیگ کے عمائدین اور عوام کا ان پر یقین اور جذبے کا پتا دیتی ہے، ہمیں اس عظیم جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیے جانے والے ملک کو عظیم تر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ یہ اس لیے ضروری ہے تاکہ نہ صرف ہماری آنے والی نسلوں بلکہ پوری دنیا کی بہتری میں پاکستان ایک نمایاں کردار ادا کر سکے، آئیے باہمی اختلافات بھلا کر ایک قوم بن کر سوچیں اور وطن کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔