کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) میٹا کی ذیلی پیغام رساں ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے اینڈرائیڈ بِیٹا صارفین کیلئے ایک نئے سیٹنگ انٹرفیس کے ساتھ ملٹی اکاؤنٹ فیچرز متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
واٹس ایپ بِیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق اس ملٹی اکاؤنٹ فیچر کو استعمال کرتے ہوئے صارفین ایک ہی ڈیوائس میں واٹس ایپ سیٹنگ کی مدد سے اضافی اکاؤنٹ کو شامل کر سکیں گے۔
یہ نیا فیچر صارفین کو ایک ایپ میں مختلف چیٹس کو منظم کرنے میں بھی مدد دے گا، مزید برآں، گفتگو علیحدہ رکھنے کے ساتھ نوٹی فکیشن بھی علیحدہ رکھے گا اور صارف کیلئے ایک ہی ڈیوائس میں ایک اکاؤنٹ سے دوسرے اکاؤنٹ میں سوئچ کرنا ممکن بنائے گا۔
متعارف کرایا جانے والا دوسرا فیچر سیٹنگز کے انٹرفیس کا نیا ڈیزائن ہے، جو صارفین کو ایپ کے دیگر آپشنز میں جانے پر جدید تجربہ فراہم کرے گا۔
رپورٹ میں مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس اپ ڈیٹ میں چیٹ لسٹ میں موجود پروفائل ٹیب کی تزین نو بھی شامل ہے جو صارفین کیلئے ایپ کی سیٹنگز کھولنے کو آسان کرے گی۔
دوسری جانب سربراہ میٹا مارک زکر برگ نے میک صارفین کیلئے گروپ کالنگ فیچر کے ساتھ ایک نئی واٹس ایپ ایپلی کیشن لانچ کی ہے جس میں ویڈیو کال پر 8 جبکہ آڈیو کال پر 32 افراد کے ساتھ بیک وقت بات کی جاسکے گی۔