گھر پر ڈائیلاسز کے لئے جدید ترین مشین متعارف

Published On 04 November,2023 09:41 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں گھر پر ڈائیلاسز کی سہولت فراہم کرنے والی نئی مشین متعارف کرا دی گئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ ہیلتھ فورم کے موقع پر ایک سپیشلسٹ کمپنی نے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ گردوں کی صفائی کرنے والی مشین متعارف کرائی تھی۔

سعودی عرب کے ماہرامراض گردہ ڈاکٹر سمیر المعیلو کا کہنا تھا کہ آرامکو کمپنی نے ہوم ڈائیلاسز سروس فراہم کرنے کیلئے سپیشلسٹ کمپنی کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے، آرامکو کمپنی اپنے ان ملازمین کیلئے سہولت حاصل کرنا چاہتی ہے جو گردوں کے امراض میں مبتلا ہیں۔

ڈاکٹر سمیر کا مزید کہنا تھا کہ کمپنی کو مذکورہ مشین کی خریداری کیلئے 95 درخواستیں مل گئی ہیں تاہم کمپنی نے صرف 60 مشینیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

دوسری جانب دبئی ہیلتھ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) نے ساؤنڈ ویو کا استعمال کرتے ہوئے مریضوں کو کیتھیٹرز کے ذریعے ڈائیلاسز کیلئے تیار کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈی ایچ اے مشرقی وسطیٰ اور مشرقی یورپ میں صحت کا پہلا ادارہ ہے جو گردے کی خرابی کے مریضوں کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتا ہے۔