لندن: (ویب ڈیسک) ٹیسلا، سپیس ایکس اور ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کا کہنا ہے کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی انسانیت کے خاتمے کا باعث بن سکتی ہے۔
ایلون مسک نے یہ انتباہ دنیا کی پہلی اے آئی سیفٹی کانفرنس کے دوران کیا، ان کا ماننا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی انسانیت کے وجود کے لیے خطرہ ہے، کیونکہ تاریخ میں پہلی بار انسانوں کا سامنا خود سے زیادہ ذہین حریف سے ہوگا۔
یکم نومبر کو برطانیہ میں شروع ہونے والی 2 روزہ کانفرنس میں امریکا، چین، بھارت، فرانس، جرمنی اور بھارت سمیت 28 ممالک کے حکومتی وفود شریک ہیں۔
ان سب ممالک نے کانفرنس کے پہلے دن ایک اعلامیے پر بھی دستخط کیے جس میں اے آئی ٹیکنالوجی کو انسانیت کے لیے ایک ممکنہ بڑا خطرہ قرار دیا گیا۔
ایلون مسک نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں اے آئی ٹیکنالوجی انسانیت کو لاحق چند بڑے خطرات میں سے ایک ہے، ہم دیگر مخلوقات سے زیادہ طاقتور یا تیزرفتار نہیں، مگر ہم ان سے زیادہ ذہین ہیں، تاہم اب انسانی تاریخ میں پہلی بار ہمیں خود سے زیادہ ذہین چیز کا سامنا ہے۔