نیویارک : (ویب ڈیسک ) چین نے نومبر کے لئے سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کے بعد اعلان کیا ہے کہ اس مدت کے دوران اسرائیل فلسطین تنازع کا تصفیہ چین اور پوری سلامتی کونسل کی اولین ترجیح ہو گا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں چین کے سفیر ژانگ جن نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ ہماری صدارت کی مدت کے دوران پوری سلامتی کونسل کی اولین ترجیح غزہ کے تنازع کو حل کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ گزشتہ چند ہفتوں سے کونسل کی توجہ کا مرکز ہے اوربحیثیت صدر کونسل کی دیگر ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ چینی صدارت کی توجہ کا مرکز بھی رہے ۔
چینی سفارت کار نے کہا کہ افغانستان، بوسنیا اور ہرزیگوینا، لیبیا اور صومالیہ پر پابندیوں میں توسیع کا معاملہ بھی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہوگا۔
ژانگ جن نے کہا کہ ہم یوکرین کی صورتحال پر بھی توجہ دیتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کام کونہ صرف پہلے سے طے شدہ نظام الاوقات کی بنیاد پرکرے گا بلکہ بین الاقوامی صورتحال کو بھی مدنظر رکھے گا۔