غزہ میں 20 لاکھ انسانوں کی تباہی، تاریخ ہم سب کا فیصلہ کریگی: گوتریس

Published On 28 October,2023 12:18 pm

جینیوا: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ غزہ میں 20 لاکھ انسانوں کو تباہی کا سامنا ہے ،تاریخ ہم سب کا فیصلہ کرے گی ۔

غزہ پر اسرائیل کے حملے جاری ہیں ، لاکھوں انسانوں کی تباہی پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ شہریوں کیلئے ناقابل تصور تباہی ہے، یہ سچائی کا لمحہ ہے، تاریخ ہم سب کا فیصلہ کرے گی، سب اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

سیکرٹری جنرل نے مشرق وسطیٰ میں فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی غیرمشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں زندگی بچانے والے سامان کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔

ادھر اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری حملوں اور مواصلاتی نظام تباہی کے بعد غزہ کا دنیا سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے، اسرائیلی بری، بحری اور فضائی فوج نے شمالی غزہ پر 3 اطراف سے شدید بمباری کی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے سرحد پر جیمرز بھی نصب کر دیئے گئے ہیں اور 22 لاکھ باشندوں کا رابطہ دنیا سے منقطع کردیا گیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں :اسرائیل نے غزہ میں زمینی کارروائی شروع کر دی، انٹرنیٹ بند، سرحد پر جیمرز نصب

دوسری جانب غزہ کی حمایت میں مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک بار پھر سینکڑوں فلسطینیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے، احتجاجی مظاہرے کا مرکز رام اللہ تھا۔

مظاہرین نے اسرائیل کے ساتھ جنگ میں تمام فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی اور متحد ہونے اور اہل غزہ کے ساتھ کھڑے رہنے کے نعرے لگائے۔

واضح رہے جاری جنگ کے دوران 100 سے زائد فلسطینی مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور بمباری کے علاوہ یہودی آباد کاروں کے ہاتھوں شہید اور 1900سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

مجموعی طور پر فلسطینیوں کی شہادتیں ساڑھے سات ہزار تک پہنچ گئیں جبکہ 21 ہزار زخمی ہیں ، ان میں بہت بڑی تعداد کم سن فلسطینی بچوں اور فلسطینی خواتین کی ہے۔