نیویارک: (ویب ڈیسک) آئی فون کو چوروں سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے ایپل کی جانب سے بہترین سکیورٹی فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ایپل نے آئی فونز کی سکیورٹی مضبوط بنانے کیلئے آئی او ایس 17.3 بیٹا (beta) میں ایک نئے فیچر Stolen Device Protection کا اضافہ کیا ہے، اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی ڈیوائس کو زیادہ محفوظ بنا سکیں گے، پھر چاہے چوروں کو پاس کوڈ کا علم ہی کیوں نہ ہو جائے، ڈیٹا محفوظ رہے گا۔
فیچر کے ذریعے صارفین اپنی حساس تفصیلات تک رسائی یا ایپل آئی ڈی میں تبدیلی فیس آئی ڈی (چہرے کا سکین) یا ٹچ آئی ڈی (فنگرپرنٹ) جیسے بائیو میٹرک طریقوں سے ہی کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر کے تحت جب کوئی صارف ایپل آئی پاس ورڈ کو تبدیل کرے گا، فیس یا فنگر پرنٹ اسکیننگ کو بدلے گا یا فائنڈ مائی آئی فون کو ٹرن آف کرے گا تو اس سے بائیومیٹرک ڈیٹا مانگا جائے گا۔
بائیو میٹرک ڈیٹا فراہم کرنے کے بعد بھی ایک گھنٹے تک انتظار کرا کے پھر سے وہ ڈیٹا مانگا جائے گا جس کے بعد تبدیلیاں کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
ایپل کے ایک ترجمان کے مطابق موجودہ عہد میں ڈیوائسز کی چوری یا انہیں چھیننے کا سلسلہ بہت زیادہ بڑھ چکا ہے، اسی لیے ہم اپنے صارفین اور ان کے ڈیٹا کے تحفظ کیلئے نئے فیچرز تیار کر رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ Stolen Device Protection سے صارفین کو زیادہ تحفظ مل سکے گا اور کوئی چور پاس کوڈ کے ذریعے ڈیٹا چوری نہیں کر سکے گا۔
کمپنی نے بتایا کہ اگرچہ یہ فیچر بیٹا (beta) صارفین کو دستیاب ہے مگر تمام صارفین آئی او ایس کی نئی اپ ڈیٹ کے بعد اسے استعمال کر سکیں گے، البتہ صارفین کو یہ فیچر خود ٹرن آن کرنا ہوگا، اس کیلئے فون کی سیٹنگز میں فیس آئی اینڈ پاس کوڈ میں جا کر Stolen Device Protection کے آپشن کو ٹرن آن کرنا ہوگا۔