اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی عمر سیف نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے حصول میں ٹیکنالوجی کا اہم کردار ہے، ترقی کیلئے جدت طرازی کو آگے بڑھانے، پیداواری صلاحیت کو فروغ دینے اور متنوع صنعتوں میں کارکردگی بڑھانے کی صلاحیت پیدا کرنا ہو گی۔
نسٹ کے نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں مقامی تحقیق و ترقی ایجنسی (آئی آر اے ڈی اے) کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں نگران وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی عمر سیف نے کہا کہ اگرچہ ان شعبوں کے درمیان روابط موجود ہیں لیکن آئی آر اے ڈی اے کا مقصد ان روابط کو باضابطہ اور ادارہ جاتی بنانا ہے۔
تقریب کے دوران ڈاکٹر سیف عمر نے آئی آر اے ڈی اے کیلئے اپنے وژن کا اظہار کرتے ہوئے نسٹ، یونیورسٹیوں، صنعت اور دفاعی شعبے کو شامل کرتے ہوئے ایک مشترکہ کوشش کا تصور پیش کیا۔
انہوں نے مشترکہ منصوبوں اور مصنوعات کے امکانات پر زور دیا جنہیں ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے کمرشلائز کیا جا سکتا ہے، اس حوالے سے ایک تاریخی مثال پیش کرتے ہوئے انہوں نے 1957ء میں روس کی جانب سے سپوتنک کی لانچ اور اس کے بعد امریکہ کی جانب سے ڈی اے آر پی اے کے قیام کا حوالہ دیا۔
عمر سیف نے دفاعی شعبے، تعلیمی اداروں اور صنعت کو جوڑنے کی کامیابی پر بھی روشنی ڈالی جس کے نتیجے میں انٹرنیٹ، جی پی ایس اور کرپٹو گرافی جیسی تبدیلی لانے والی ٹیکنالوجیز کی ایجاد اور کمرشلائزیشن ہوئی۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ایک آزاد ادارے کے طور پر آئی آر اے ڈی اے کی مالی اعانت اور مدد کرے گی، اس اقدام سے تعلیم، دفاع اور صنعت کے سرکردہ افراد کو اکٹھا کیا جائے گا جس سے پاکستان کی تکنیکی ترقی اور معاشی ترقی کو آگے بڑھایا جا سکے گا۔