نیویارک: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک کی جانب سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے اپنا گانا تیار کرنے کے فیچر پر آزمائش شروع کر دی گئی۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ فیچر کو اے آئی سانگ کا نام دیا جا رہا ہے، تاہم اسے باضابطہ طور پر متعارف کرائے جانے کے وقت اس کا نام تبدیل کر دیا جائے گا،مذکورہ فیچر کے تحت صارفین کو اپنی شاعری کی بنیاد پر اے آئی سانگ بنانے کی سہولت دی جائے گی۔
فیچر کے تحت صارفین پہلے اپنی شاعری پوسٹ کریں گے، اس کے انہیں ایڈ میوزک کے آپشن پر لے جایا جائے گا، جہاں وہ میوزک کو شامل کرنے کے بعد اپنی پسند کی ٹیون شامل کر کے گانا تیار کر سکیں گے۔
ممکنہ طور پر ابتدائی طور پر صرف انگریزی زبان کی شاعری پر اے آئی گانے تیار کرنے کا فیچر پیش کیا جائے گا جس کے بعد اسے دنیا کی دیگر بڑی زبانوں میں بھی پیش کیا جائے گا، صارفین کے پاس یہ اختیار بھی ہوگا کہ وہ گانے کی آواز اور میوزک کو اپنی مرضی سے ایڈٹ اور تبدیل کر سکیں، البتہ گانا تیار ہونے اور اسے محفوظ کئے جانے کے بعد اس میں تبدیلیاں نہیں کی جا سکیں گی۔
مذکورہ فیچر تک فوری طور پر محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے اور ممکنہ طور پر اسے اگلے چند ماہ میں پیش کر دیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔