ریاض: (ویب ڈیسک) سمندر کسی بھی ملک میں ہو اس کا ساحل تفریح کے دلدادہ افراد کیلئے ہمیشہ پسندیدہ مقام میں سے ایک ہوتا ہے اور ملکی وغیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد وہاں تفریح کیلئے آتی ہے۔
سیاحوں کی کثیر تعداد کے باعث ساحل کچرے اور سمندری فضلے کی وجہ سے خراب ہو جاتے ہیں، تاہم سعودی عرب اب ساحلوں کی صفائی کیلئے جدید طریقوں پر عمل پیرا ہو رہا ہے۔
سعودی عرب نے ساحل سمندر کو کچرے اور فضلے سے پاک صاف رکھنے کیلئے جدید طرز کے روبوٹ کی خدمات حاصل کر لیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بحر احمر اور امالا سیاحتی منصوبوں کو ترقی دینے والی کمپنی ریڈ سی گلوبل کا کہنا ہے کہ ساحلوں کی صفائی کیلئے نئے طرز کے ایسے روبوٹ ڈیزائن کئے گئے ہیں جو پلاسٹک سمیت ہر طرح کا کچرا اور ملبہ جمع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ روبوٹ ایک گھنٹے میں تین ہزار مربع میٹر رقبے کی صفائی کر سکتا ہے، یہ روبوٹ ساحلی ریت کو خوش منظر بنانے کے نظام سے بھی آراستہ ہے اور ایک سینٹی میٹر حجم کے کچرے تک کو جمع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس الیکٹرانک روبوٹ کو ریموٹ سسٹم کے ذریعے بھی کنٹرول کیا جاسکتا ہے اور اس کی خوبی یہ بھی ہے کہ ماحول کو کسی بھی طرح کا نقصان پہنچائے بغیر مکمل صفائی کر سکتا ہے۔