حج اور عمرہ زائرین کو گرمی سے بچانے کیلئے نئے اقدام کا آغاز

Published On 27 January,2024 10:53 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں حج اور عمرہ چیریٹی ایسوسی ایشن نے مناسک کی ادائیگی کے دوران گرمی کی شدت کو کم کرنے کیلئے ایک نئے اقدام کا آغاز کر دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق حج اور عمرہ زائرین کی خدمت اور آسانی کیلئے پورٹ ایبل ایئر کنڈیشنربنایا گیا ہے۔

یہ پورٹ ایبل ایئر کنڈیشنر رواں سال میں زائرین کیلئے ایسوسی ایشن کی جانب سے پیش کی جانے والی سب سے نمایاں مصنوعات میں سے ایک ہے۔

ایسوسی ایشن کے سی ای او انجینئر ترکی الحتیرشی نے کہا کہ ایسوسی ایشن ہر سال عمرہ زائرین کی خدمات کیلئے معیاری اقدامات اور بہتری فراہم کرنے کیلئے کام کرتی ہے، ہر سال اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جاتی ہے کہ اس کی مصنوعات زیادہ فائدے مند ہوں اور ان کا زائرین پر واضح اثر ہو۔

اس حوالے سے ترکی الحتیرشی نے بتایا کہ پورٹ ایبل ایئر کنڈیشنر میں تیز کولنگ ٹیکنالوجی اور 360 ڈگری ایئر فلو کوریج موجود ہے اور یہ صرف 4 گھنٹے چارج کرنے کے بعد 12 گھنٹے تک کام کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایئر کنڈیشنر میں ایک سمارٹ ٹمپریچر کنٹرول یونٹ بھی شامل ہے جس میں مختلف موسموں کیلئے پنکھے کے موڈ اور ہیٹنگ موڈ شامل ہیں، یہ جاگنگ سے لے کر پیدل سفر تک مختلف سرگرمیوں کے دوران گردن پر مضبوطی سے قائم رہتا ہے۔

واضح رہے کہ اس پورٹ ایبل ایئر کنڈیشنر کو زائرین مکہ اور مدینہ سمیت دیگر مذہبی اور مقدس جگہوں پر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔